سرکے بالوں میں خشکی ایک عمومی شکایت ہے اور بیشتر خواتین سرکی جلد کی خشکی کا شکار رہتی ہیں۔ سرکی جلد کی خشکی خاتمے کے لیے کئی مہنگے ٹوٹکے اور علاج بھی کیے جاتے ہیں۔ اسی ضمن میں صحت پرمعلومات شائع کرنے والی ویب سائیٹ ’marieclaire‘ نامی ویب سائیٹ نے بالوں میں خشکی خاتمے کے حوالے سے ایک نئی تحقیق شائع کی ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق عام طور پر خواتین بالوں کی صفائی کے لیے روز مرہ کی بنیاد پر شیمپو کا استعمال کرتی ہیں۔ روز مرہ کی بنیاد پر شیمپو سے صفائی کے باوجود سرکی جلد میں پائی جانے والی خشکی ختم نہیں ہوتی۔ خواتین اپنے چہرے کی طرح سرکی جلد کو بھی صاف رکھنا چاہتی ہیں مگر وہ اس میں کم ہی کامیاب ہوتی ہیں۔
ویب سائیٹ کی رپورٹ کے مطابق ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ سرکے بالوں کی خشکی ختم کرنے کے لیے کسی بھی شیمپو میں ایک چمچ چینی ملائیں اور اس کے ساتھ بالوں کو اچھی طرح دھوئیں۔ چینی اور شیمپو مل کربالوں کی گہرائی تک اپنے اثرات پہنچائیں گے اورچار یا پانچ بار کے استعمال سے سرکی جلد اور بالوں کی جڑوں میں پائی جانے والی خشکی سے نجات مل جائے گی۔
ماہر امراض جلد ڈاکٹر فارنشیسکا فوسکو کا کہنا ہے کہ چینی اور شیمپو کو ملا کربالوں کو دھونے کا سستا علاج کسی بھی دوسرے طریقہ علاج سے بہت مفید بھی ہے۔ یہ بالوں کی جڑوں تک پہنچ کر سرکی جلد کو خشکی سے بچانے میں مدد گار ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ جن مردو خواتین کو سرکی خشکی اور سکری کی شکایت ہو تو وہ شیمپو کے ساتھ ایک چمچ چینی کا ضرور استعمال کریں۔ وہ پہلے ہی استعمال سے اس کے حیرت انگیز نتائج ملاحظہ کریں گے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ چینی اور شیمپو کو ملا کر ان سے بالوں کو دھونے سے نا صرف خشکی کا خاتمہ ممکن ہے بلکہ بالوں کی جڑوں اور سرکی جلد میں پائے جانے والے مضر صحت بیکٹریا کو بھی تلف کیا جاسکتا ہے۔
اس طرح آپ ایک ہی وقت میں بالوں کو خشکی سے نجات دلانے، انہیں اچھی طرح صاف کرنے اور بہتر طریقے سے بالوں کی گہرائی تک نمی پہنچانے میں کامیاب ہوسکتے ہیں۔
ماہرین کا مشورہ ہے کہ سرکے جلد کی خشکی کے شکار افراد تین سے پانچ بار چینی اور شیمپو کو ملا کربالوں کو دھوئیں۔ اس طرح وہ جلد کی خشکی سے نجات پا لیں گے۔
چینی ملے شیمپو کو استعمال کرتے ہوئے اس بات کا خیال رکھیں کے بالوں کو شیمپو لگانے کے بعد اسے فوری نہ دھوئیں بلکہ اسےبالوں کی جڑوں تک جذب ہونے دیں۔