اسرائیل کے عبرانی ٹی وی 2 نے ایک رپورٹ میں بتایا ہے کہ اپوزیشن لیڈر اور صہیونی کیمپ کے سربراہ اسحاق ہرٹزوگ نے اسرائیلی سپریم کورٹ میں ایک درخواست دی ہے جس میں وزیراعظم بنجمن نیتن یاھو سے وزارت اطلاعات کا قلم دان واپس لینے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
عبرانی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق اپوزیشن لیڈر کی طرف سے سپریم کورٹ میں دائر کردہ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ وزیراعظم نیتن یاھو بہ یک وقت کئی وزارتوں کے قلم دان اپنے پاس رکھے ہوئے ہیں۔ عدالت ان سے وزارت اطلاعات کا قلم دان واپس کرنے کا حکم صادر کرے۔
ٹی وی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ہرٹزوگ کی طرف سے دی گئی درخواست میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم کے خلاف کیس 2000 کے عنوان سے مقدمات چل رہے ہیں پولیس ان کی تحقیقات کررہی ہے۔ اس لیے ان سے وزارت اطلاعات ونشریات کی وزارت واپس لی جائے۔
اسرائیل میں دائر کردہ درخواست کے جلو میں پولیس رواں ہفتے وزیراعظم سے تیسری بار پوچھ گچھ کرے گی۔ پولیس کی جانب سے وزیراعظم کے خلاف بدعنوانی کے مقدمات میں فرد جرم عاید کیے جانے کا بھی امکان موجود ہے۔