پنج شنبه 01/می/2025

اسرائیلی فوج کی ریاستی دہشت گردی جاری، مزید ایک فلسطینی شہید، 5 زخمی

منگل 17-جنوری-2017

فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے میں واقع شہر بیت لحم کے نزدیک اسرائیلی فوج نے جھڑپوں کے دوران ایک فلسطینی  لڑکے کو  گولی مار کر شہید  اور پانچ شہریوں کو زخمی کر دیا۔

رام اللہ میں فلسطینی وزارت صحت نے بیت لحم کے جنوب میں واقع ایک گاؤں طوقو میں اس فلسطینی کی اسرائیلی فوجیوں کے ساتھ جھڑپ کے دوران شہادت کی اطلاع دی ہے  جس کی شناخت قصی حسن العمور بتائی گئی ہے اور اس کی عمر 17 سال ہے۔

اس گاؤں کے ذرائع نے مقتول کا نام قصی آل عمور بتایا ہے۔اس کی عمر سترہ سال تھی اور اس کو چھاتی میں سیدھی گولی ماری گئی تھی۔ اسرائیلی فوج نے فوری طور پر اس واقعے کے حوالے سے کوئی بیان جاری نہیں کیا ہے۔

عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ شہید کے سینے میں چار گولیاں لگیں جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی دم توڑ گیا۔ اسرائیلی فوج کی اندھا دھند فائرنگ سے کم سے کم پانچ فلسطینی زخمی بھی ہوئے ہیں جنہیں علاج کے لیے مقامی اسپتالوں میں منتقل کیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ اکتوبر 2015ء سے اب تک اسرائیلی فورسز کی مقبوضہ بیت المقدس ، غرب اردن اور غزہ کی پٹی میں فلسطینیوں کے خلاف سفاکانہ کریک ڈاؤن کارروائیوں اور حملوں میں 270 فلسطینی شہید ہوچکے ہیں۔

اس عرصے کے دوران میں فلسطینیوں کے مبینہ چاقو حملوں ،فائرنگ یا اپنی گاڑیوں کو راہ گیروں پر چڑھانے کے واقعات میں 40 اسرائیلی ، دو امریکی ،ایک اردنی،ایک سوڈانی اور ایک ایریٹرین شہری ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے ہیں۔

مختصر لنک:

کاپی