بحرین میں تین مجرموں کو تین پولیس اہلکاروں کے قتل کے جرم میں فائرنگ اسکواڈ کے ذریعے موت سے ہم کنار کردیا گیا ہے۔
ذرائع ابلاغ کے مطابق ایک فوجداری عدالت نے ان تینوں مجرموں کو مارچ 2014ء میں ایک بم حملے کے الزام میں قصور وار قرار دے کر سزائے موت سنائی تھی اور گذشتہ ہفتے عدالت عالیہ نے اس سزا کو برقرار رکھا تھا۔
اس بم حملے میں ایک اماراتی افسر سمیت تین پولیس اہلکار مارے گئے تھے۔تینوں مجرموں کو فائرنگ اسکواڈ کے ذریعے گولیوں سے اڑایا گیا ہے۔اس مقدمے میں ماخوذ سات اور مدعا علیہان کو عمر قید کی سزائیں سنائی گئی تھیں۔
مقتول اماراتی افسر سعودی عرب کی قیادت میں خلیجی فورس کا حصہ تھے۔ خلیجی فورس مارچ 2011ء سے بحرین میں تعینات ہے۔