دنیا بھر میں شرح خواندگی میں اضافے کے باوجود عرب ممالک اب بھی ناخواندگی میں دنیا میں سب سے آگے ہیں۔ ایک رپورٹ کے مطابق دنیا بھر میں 16 فی صد افراد ناخواندہ ہیں جب کہ عرب ممالک میں ناخواندگی کی شرح 27.1 فی صد ہے جو کہ دنیا کے دوسرے خطوں کی نسبت 11.1 فی صد زیادہ ہے۔
عرب لیگ کے ادارہ برائے سائنس وثقافت ’الالکسو‘ کی طرف سے جاری کردہ ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سنہ 2015ء میں عرب دنیا میں ناخواندہ افراد کی تعداد 54 ملین سے زیادہ رجسٹرڈ کی گئی تھی۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ عرب ممالک میں جاری سیاسی تنازعات، خانہ جنگیوں اور مسلح تحریکوں نے شرح خواندگی پر گہرے منفی اثرات مرتب کیے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق عرب ممالک میں شورش کے نتیجے میں 13.5 ملین بچے اسکول کی تعلیم سے محروم ہیں۔
الالکسو نے عرب ممالک کی حکومتوں سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ وہ سنہ 2015ء تا 2024ء کے دوران تعلیم کے فروغ اور شرح خواندگی میں اضافے کے لیے مقرر کردہ ہدف تک پہنچنے کے لیے موثر اقدامات کریں اور تعلیم کو اپنی پہلی ترجیح میں شامل کریں۔