فلسطین کے مقبوضہ شہر حیفا میں قائم اسرائیل کے تیل صاف کرنے کے کارخانے میں اچانک بھڑک اٹھنے والی آتش زدگی کے نتیجے میں بڑی مقدار میں تیل جل کر خاکستر ہوگیا۔
اسرائیل کے عبرانی اخبار’یدیعوت احرونوت‘ کی ویب سائیٹ پر شائع ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ فلسطین کے سنہ 1948ء کے مقبوضہ علاقے ’حیفا‘ میں اسرائیل کے تیل صاف کرنےوالے کارخانے میں اچانک خوف ناک آگ بھڑک اٹھی۔
آتش زدگی کے واقعے کے فوری بعد فوج کے 40 ویں فائر بریگیڈ کے عملے نے آگ پرقابو پانے کے لیے آپریشن شروع کردیا تھا۔ تاہم آگ پر قابو پانے سے قبل بڑی مقدار میں تیل جل کر خاکستر ہوگیا۔
آتش زدگی کے نتیجے میں کسی قسم کے جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ملی۔ حکام نے آتش زدگی پر قابو پانے کے ساتھ ساتھ اس واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔ آتش زدگی کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی ہے۔
خیال رہے کہ گذشتہ ماہ اسرائیل کے شہر حیفا میں آتش زدگی کے نتیجے میں 150 اسرائیلی زخمی ہوگئے تھے جب کہ 75 ہزار افراد کو 13 یہودی کالونیوں سے نکال دیا گیا تھا۔