چهارشنبه 30/آوریل/2025

’صہیونی توسیع پسندی مخالف قرارداد، سلامتی کونسل کا شکریہ‘

ہفتہ 24-دسمبر-2016

اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ نے سلامتی کونسل میں فلسطین میں غیرقانونی صہیونی توسیع پسندی کے خلاف قرارداد کی منظوری کو فلسطینی قوم کی تاریخی فتح قرار دیتے ہوئے قرارداد کی حمایت میں ووٹ ڈالنے والے ممالک کا خصوصی شکریہ ادا کیا ہے۔

مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق سلامتی کونسل میں یہودی بستیوں کے خلاف قرارداد کی منظوری کے رد عمل میں حماس نے عالمی برادری پر اس قرارداد پرعمل درآمد پر زور دیا ہے۔

حماس کے ترجمان عبدالطیف القانون نے مرکزاطلاعات فلسطین سے بات کرتے ہوئے کہا کہ سلامتی کونسل میں یہودی آباد کاری کے خلاف قرارداد کی منظوری فلسطینی قوم کی تاریخی سفارتی فتح ہے۔ اس قرارداد نے یہ ثابت کردیا ہے کہ فلسطین پر اسرائیل کا قبضہ اور اس کی تمام سرگریاں باطل ہیں۔ حماس ہر اس فیصلے اور قرارداد کا خیر مقدم کرے گی جس میں اسرائیل کے فلسطین پر ناجائز تسلط اور یہودی توسیع پسند کی مخالفت کی جائے گی۔

حماس کے ترجمان کا کہنا تھا کہ تاریخی اعتبار سے سلامتی کونسل کی قرارداد انتہائی اہمیت کی حامل ہے مگر اس قرارداد کی منظوری کے بعد عالمی برادری کو فلسطین میں یہودی بستیوں کی تعمیر رکوانے کے لیے عملی اقدامات بھی کرنا ہوں گے۔

خیال رہے کہ گذشتہ روز اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے اسرائیل کی جانب سے فلسطین کے مقبوضہ عرب علاقوں میں غیر قانونی بستیوں کے قیام کے خلاف ایک قرارداد منظور کر لی ہے۔ یہ اپنی نوعیت کی پہلی قرارداد ہے جسے امریکا کی جانب سے ویٹو نہیں کیا گیا۔

مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق سلامتی کونسل کے 15 رکن ممالک میں سے 14 نے اس قرارداد کی حمایت میں ووٹ ڈالے جبکہ امریکا نے ووٹ ڈالنے سے انکار کر دیا۔ تاہم امریکہ نے اس موقعے پر قرارداد کے خلاف ویٹو کا حق استعمال نہیں کیا۔

ماضی میں امریکا نے ایسی قراردادوں کو ویٹو کر کے اسرائیل کی مدد کی ہے۔ تاہم اوباما انتظامیہ نے روایتی امریکی پالیسی چھوڑ کر اس مرتبہ اس قرارداد کو منظور ہونے دیا ہے۔

یاد رہے کہ یہ قرارداد مصر کی جانب سے پیش کی گئی تھی تاہم گذشتہ چند روز میں امریکی نو منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی مداخلت کے بعد مصر نے اسے موخر کر دیا تھا۔ اس کے بعد سلامتی کونسل کے دیگر ممالک نیوزی لینڈ، سینیگال، وینزویلا، اور ملائیشیا نے اس قرارداد کو دوبارہ پیش کیا اور اسے منظور کروانے میں اہم کردار ادا کیا۔ 

مختصر لنک:

کاپی