اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں شام میں جنگی جرائم کی تحقیقات کے لیے ایک بین الاقوامی تحقیقاتی کمیشن تشکیل دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔
خبر رساں اداروں کے مطابق بدھ کو جنرل اسمبلی کے اجلاس کے دوران ایک قرارداد منظور کی گئی جس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ شام میں جنگی جرائم کے مرتکب عناصر کے خلاف بین الاقوامی عدالتوں میں مقدمات قائم کیے جائیں گے۔
جنرل اسمبلی کے اجلاس کے دوران شام میں جرائم کی تحقیقات کے لیے آزاد اور خود مختار کمیش کی تشکیل کے حوالے سے ایک قرارداد پیش کی گئی۔ 105 ممالک نے قرارداد کی حمایت کی، 15 ممالک نے مخالفت جب کہ 52 ممالک نے رائے شماری میں حصہ نہیں لیا۔
قرارداد کی حمایت میں پہلے مرحلے میں امریکا، فرانس، برطانیہ، جرمنی، اٹلی، ترکی اور سعودی عرب شامل تھے۔
خیال رہے کہ اقوام متحدہ نے شام میں جنگی جرائم کی تحقیقات کے لیے سنہ 2011ء میں بھی ایک کمیشن قائم کیا گیا تھا۔ اس کمیشن نے شامی حکومت اور فوج کے کئی عہدیداروں پر وحشیانہ جنگی جرائم کے الزامات عاید کیے تھے۔
سنہ 2011ء سے شام میں جاری بغاوت کی تحریک کے دوران اب تک تین لاکھ 10ہزار شہری جاں بحق ہوچکے ہیں۔