جمعه 15/نوامبر/2024

’حماس انجینئر‘ کے مجرمانہ قتل کے خلاف تیونس میں ہزاروں افراد کا احتجاج

بدھ 21-دسمبر-2016

تیونس میں حال ہی میں مبینہ طور پر اسرائیلی خفیہ ادارے’موساد‘ کی جانب سے سابق فلائیٹ انجینیر محمد الزواری کے مجرمانہ قتل کے خلاف عوام میں سخت غم وغصہ کی فضا پائی جا رہی ہے۔ الزواری کے قتل کے خلاف گذشتہ روز دارالحکومت تیونسیہ میں ہزاروں افراد نے ریلی نکالی جس میں حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ الزواری کے قاتلوں کو جلد از جلد گرفتار کرکے انہیں قانون کے کٹہرے میں لائے۔

مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق وسطی دارالحکومت میں شاہراہ بورقیبہ میں ہزاروں افراد نے ایک جلوس نکالا، مظاہرین نے ہاتھوں میں قومی پرچم، بینرز اور کتبے اٹھا رکھے تھے جن پر تیونسی فلائیٹ انجینیر اور القسام بریگیڈ کے کارکن محمد الزواری کے مجرمانہ قتل کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی تھی۔

احتجاجی مظاہرے کا اہتمام مذہبی سیاسی جماعت ’تحریک النہضہ‘ کی جانب سے کیا گیا تھا تاہم احتجاجی ریلی میں ڈیموکریٹک بلاک، تیونس حراک، پیپلز پارٹی، ڈیموکریٹک پارٹی، ری پبلیکن پارٹی اور سماجی کارکنوں، سول سوسائٹی کے افراد، طلباء ، وکلا اور عام شہریوں کی بڑی تعداد شریک تھی۔

مظاہرین نے اسرائیل کے ساتھ دوستانہ مراسم کے قیام کی حکومتی کوششوں کی بھی مذمت کی گئی اور کہا گیا کہ حکومت فلسطین پر قابض اسرائیل کے ساتھ راہ و رسم بڑھانے کے لیے کوشاں ہے اور وہ الزواری کے قتل کے سنگین جرم کو نظرانداز کررہی ہے۔

خیال رہے کہ گذشتہ جمعرات کو تیونس کے شہرصفاقس میں نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کرکے سابق فلائیٹ انجینیر محمد الزواری کو شہید کر دیا تھا۔ اس واقعے کے بعد فلسطینی تنظیم اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ نے الزواری کو جماعت کے عسکری شعبے عزالدین القسام شہید بریگیڈ کا رکن اور تنظیم کے ’ابابیل‘ ڈرون طیاروں کا خالق قراردیتے ہوئے الزواری کی شہادت کو ٹارگٹ کلنگ قرار دیا تھا۔

مختصر لنک:

کاپی