اسرائیلی فوج نے فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے شمالی شہر قلقیلیہ میں ایک فلسطینی خاتون کو حراست میں لے کر نامعلوم مقام پر منتقل کردیا ہے۔ صہیونی حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ فلسطینی لڑکی سے ایک چاقو برآمد کیا گیا ہے۔
عبرانی نیوز ویب پورٹل 0404 نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ فلسطینی خاتون کو قلقیلیہ شہر کے داخلی راستے پرقائم کردہ ایک چیک پوسٹ سے گرفتار کیا گیا۔
صہیونی حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار کی گئی فلسطینی لڑکی کے قبضے سے ایک تیز دھار چاقو برآمد ہوا ہے۔ شبہ ہے کہ وہ مزاحمتی حملے کی منصوبہ بندی کررہی تھی۔ گرفتار کی گئی فلسطینی لڑکی کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی۔
خیال رہے کہ یکم اکتوبر 2015ء کے بعد سے فلسطین میں جاری تحریک انتفاضہ کو ناکام بنانے کے لیے اسرائیلی فوج نے چاقو رکھنے کے الزام میں دسیوں فلسطینیوں کو حراست میں لیا اور ان کے خلاف جعلی مقدمات قائم کیے گئے ہیں۔ ان میں بڑی تعداد میں نوجوان فلسطینی لڑکیاں بھی شامل ہیں۔