’دولت کو لات مارنے‘ کا محاورہ سننے کو ملتا ہے مگر چین میں ایک 28 سالہ امیر زادے نے اپنے والد کی اربوں ڈالر کی جائیداد کا وارث نہ بننے کا اعلان کرکے حقیقی معنوں میں دولت کی اس عظیم شہنشاہت کو پاؤں کی ٹھوکر مار کر ایک نئی مثال قائم کی ہے۔
عالمی ذرائع ابلاغ کے مطابق چینی ارب پتی اور ڈالیان کمرشل گروپ کے مالک وانگ گیانلین کا ایک ہی بیٹا ہے۔ گیانلین کے 28 سالہ بیٹے وانگسیسونگ نے حیرت انگیز انداز میں باپ کی دولت سے کوئی معمولی حصہ لینے سے بھی صاف انکار کردیا ہے۔ بیٹے کا کہنا ہے کہ والد کی وفات کے بعد والد کے ترکے اور اس کی کمپنیوں سے اس کا کوئی تعلق نہیں ہوگا۔ وہ باپ کی طرح زندگی نہیں گذارنا چاہتا۔ بیٹے کے اس حیران کن انداز فکر پرچینی ذرائع ابلاغ میں بھی حیرت کا اظہار کیا جا رہا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق 62 سالہ وانگ جیانگلین ڈالیان وانڈا نامی تجارتی گروپ کےچیئرمین بورڈ آف ڈائریکٹر ہیں۔ ان کی کئی تجارتی کمپنیاں، شاپنگ مال، ہوٹل، ریستوران، تفریحی پارک اور اسپورٹس کلب ہیں جن کی کل مالیت ایک کھرب 22 ارب ڈالر سے زیادہ ہے۔ وانگ جیانگلین کےبیٹے نے جب سے اپنے والد کی دولت کا وارث بننے سے انکار کیا ہے، وانگ کو ایک نئے وارث کی تلاش ہے۔
برطانیہ کے موقر جریدہ ’میٹرو‘ کے مطابق چینی ارب پتی شخص اپنے بیٹے کے موقف کے حوالے سے سخت پریشان ہے۔ اس کا کہنا ہے کہ میں نے بیٹے سے متعدد بار کہا ہے کہ وہ اپنی زندگی میں کامیابی کا پلان تیار کرے۔ اس پر بیٹے نے جواب دیا کہ وہ ارب پتی شخص کی طرح زندگی گذارنا نہیں چاہتا۔
اخباری رپورٹ کے مطابق ابھی تک فان نے والد کی میراث کا وارث بننے سے صاف انکار کا موقف اپنائے رکھا ہے۔ بیٹےکا کہنا ہے والد کی عظیم الشان دولت کا وہ وارث نہیں بنا چاہتا یہ اس کا حتمی فیصلہ ہے۔
چینی امیر زادہ جس نے والد کی دولت کا وارث بننےسے انکار کردیا ہے گذشتہ برس اس وقت ذرائع ابلاغ کی توجہ کا مرکز بنا تھا جب اس نے اپنے کتے کے لیے’ایپل‘ کمپنی کی دو اسمارٹ گھڑیاں خرید کرنے کے بعد کتے کے اگلے پاؤں میں پہنائی تھیں۔ ان میں سے ایک گھڑی کی قیمت 1000 سے 1600 ڈالر کے درمیان تھی۔