اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ کے لبنان میں مندوب علی برکہ نے گذشتہ روز بیروت میں متعین سوڈانی سفیر علی صادق علی سے سفارت خانے میں ملاقات کی۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق حماس کے مندوب نے علی صادق علی کو بیروت میں سفارتی ذمہ داریاں سنھبالنے پر مبارک باد پیش کی اور ان کی پیشہ وارانہ ذمہ داریوں کی انجام دہی کے حوالے سے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
حماس کے مندوب نے سوڈانی سفیر کو فلسطین کی تازہ ترین صورت حال، لبنان میں مقیم فلسطینی پناہ گزینوں کو درپیش مشکلات سے آگاہ کیا۔ دونوں رہ نماؤں کے درمیان ہونے والی بات چیت میں مسئلہ فلسطین، فلسطینی پناہ گزینوں کے مسائل، فلسطین میں یہودی آباد کاری، بیت المقدس کو یہودیانے کی سازشوں، مسجد اقصیٰ کو لاحق خطرات اور خطے کے سلگتے مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
سوڈانی سفیر نے حماس کے مندوب علی برکہ کو یقین دہانی کرائی ان کا ملک فلسطینیوں کے تمام بنیادی حقوق بالخصوص حق خود ارادیت اور فلسطینی پناہ گزینوں کی واپسی کے اصولی مطالبے کی حمایت جاری رکھے گا۔
حماس کے مندوب نے جمہوریہ سوڈان کی جانب سے فلسطینی قوم کے حقوق کی غیر مشروط حمایت جاری رکھنے پر سوڈانی سفیر کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔