اسرائیلی حکام نے اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ سے تعلق کے الزام میں پانچ فلسطینی شہیروں کو بیرون ملک سفر سے روک دیا۔
اسرائیل کے عبرانی اخبار ’’یسرائیل ھیوم‘‘ نے ایک رپورٹ میں بتایا ہے کہ وزیر داخلہ اریہ درعی نے بدھ کے روز ایک حکم نامے پر دستخط کیے ہیں جس میں مشرقی بیت المقدس سے تعلق رکھنے والے پانچ فلسطینیوں کو بیرون ملک سفر سے روکنے کا حکم دیا گیا ہے۔ اسرائیلی وزارت داخلہ کے بیان میں کہا گیا ہےکہ پانچ فلسطنیوں کو ان کی مشتبہ مزاحمتی سرگرمیوں، حماس سے مبینہ تعلق اور سیکیورٹی وجوہات کی بناء پر بیرون ملک سفر سے روکا گیا ہے۔
عبرانی اخبار کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ حال ہی میں اںٹیلی جنس اداروں کی طرف سے یہ اطلاعات جاری کی گئی تھیں کہ بعض فلسطینی بیرون ملک آمد ورفت کے ساتھ ساتھ دہشت گردانہ سرگرمیوں میں ملوث ہوتے ہیں۔
انٹیلی جنس اداروں کا کہنا ہے کہ پانچ فلسطینیوں پر شبہ ہے کہ وہ بیرون ملک سے حماس کے لیے فنڈ ریزنگ کرنے اور بیت المقدس میں مسجد اقصیٰ کے مرابطین کی مدد کرنے کے لیے رقوم جمع کرنے میں سرگرم رہے ہیں۔