پنج شنبه 01/می/2025

اسرائیلی فوج کی ریاستی دہشت گردی میں 15 فلسطینی گرفتار،4 زخمی

منگل 13-دسمبر-2016

فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے مختلف شہروں میں سوموار کے روز اسرائیلی فوج کی ریاستی دہشت گردی کے نتیجے میں کم سے کم پندرہ فلسطینی شہریوں کو حراست میں لینے کے بعد نامعلوم مقام پر منتقل کیا گیا ہے۔ گذشتہ روز صہیونی فورسز نے نہتے فلسطینیوں پر گولیاں چلائیں اور آنسوگیس کی شیلنگ کی جس کے نتیجے میں چار فلسطینی شہری زخمی ہوگئے۔

مقامی فلسطینی ذرائع نے بتایا کہ مغربی کنارے کے مختلف شہروں میں اسرائیلی فوجیوں نے جگہ جگہ ناکے لگاکر فلسطینیوں کی تلاشی کا سلسلہ شروع کیا۔ فلسطینی شہریوں کی شناخت پریڈ کی آڑ میں ان کی مجرمانہ تذلیل کی گئی۔

اسرائیل کے عبرانی ریڈیو کی رپورٹ کے مطابق سوموار کے روز تلاشی کی کارروائیوں کے دوران 15 فلسطینی شہریوں کو حراست میں لیا گیا ہے۔ان میں سے 12 مشتبہ فلسطینی مختلف مزاحمتی کارروائیوں اوراسرائیلی فوج پر سنگ باری سمیت مختلف حملوں میں ملوث ہیں۔

مرکزکے نامہ نگار کے مطابق مغربی کنارے کے جنوبی شہر الخلیل میں العرب پناہ گزین کیمپ میں تلاشی کی کارروائی کے دوران پانچ فلسطینیوں کو حراست میں لیا گیا۔ العروب کیمپ میں فلسطینی شہریوں اور اسرائیلی فورسز کے درمیان جھڑپیں بھی ہوئیں۔ صہیونی فوجیوں نے پانچ فلسطینیوں کو گرفتار کرلیا جن کی شناخت خضر یوسف ماضی، محمد عبدالباسط ابوریا، بہاء ماجد الراعی، محمد خالد ابو سل اور ایھم ناصر الجندی کے ناموں سے کی گئی ہے۔

صہیونی فوجیوں نے الخلیل شہر میں راس الجورہ کے مقام پر سابق اسیران ایمن اور زید الجنیدی کے گھروں پر چھاپہ مارا اور ان کے گھروں میں قیمتی سامان کی توڑپھوڑ کی۔

جنوبی الخلیل میں صہیونی فوجیوں نے الظاھریہ کے مقام پر تلاشی کے دوران عارف جابر نامی شہری کو حراست میں لے کرنامعلوم مقام پر منتقل کردیا۔

ادھر صہیونی فوجیوں نے مغربی کنارے میں الرکبہ کے مقام پر ایک فلسطینی گاڑی پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں چار فلسطینی زخمی ہوگئے۔ زخمی ہونے والوں کی شناخت معاذ الزعاری، اسکول مدرس بلال الوھادنہ، نرس رمزی ابو یابس کے ناموں سے کی گئی ہے۔

 

مختصر لنک:

کاپی