مصر میں متعین ملائیشیا کے سفیر داتو کوجعفر گذشتہ روز فلسطین کے محصور علاقے غزہ کی پٹی کے خصوصی دورے پرآئے جہاں انہوں نے غزہ میں مختلف تعمیراتی اور ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیا۔ ملائیشین سفیر اپنے تین روزہ دورے کے دوران غزہ میں کئی نئے منصوبوں کا بھی افتتاح کریں گے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے نامہ نگار کے مطابق ملائیشیا کے سفیر دیگر چار اہم شخصیات کے ہمراہ گذشتہ روز رفح گذرگاہ سے غزہ داخل ہوئے جہاں فلسطینی حکومت کی اہم شخصیات نے ان کا استقبال کیا۔
نامہ نگار کے مطابق داتو کو جعفر تین روزہ دورہ غزہ کے دوران جنگ سے متاثرہ علاقوں میں متعدد نئے تعمیراتی منصوبوں کا افتتاح کریں گے۔ اس کے علاوہ وہ مقامی حکومتی شخصیات سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔
قبل ازیں رفح گذرگاہ سے اندر داخل ہونے کے بعد ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ملائیشین سفیر کا کہنا تھا کہ غزہ کی صورت حال کافی پیچیدہ ہے اور انسانی بحران کے حل کے لیے سب کو مل کر کام کرنا ہوگا۔