شنبه 03/می/2025

حماس کا 29 واں یوم تاسیس، غزہ میں ایک لاکھ افراد کا عظیم الشان جلوس

ہفتہ 10-دسمبر-2016

اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ کے 29 ویں یوم تاسیس کی مناسبت سے کل جمعہ کے روز غزہ کی پٹی میں عظیم الشان جلوس نکالا گیا جس میں ایک لاکھ افراد نے شرکت کی۔

مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق حماس کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ شمالی غزہ میں باکورہ کے مقام پر حماس کے انتیسویں یوم تاسیس کی مناسبت سے ایک جلسے کا اہتمام کیا گیا جس میں کم سے کم ایک لاکھ شہریوں نے شرکت کی۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ غزہ کی پٹی میں حماس کے تاسیسی اجتماع میں بچوں اور خواتین کے علاوہ بڑی تعداد میں عام شہریوں نے شرکت کی۔ جلوس میں دوسری مذہبی اور سیاسی جماعتوں کے کارکنوں نے بھی شرکت کی۔

اس موقع پر حماس کے لاکھوں کارکنان نے ہاتھوں میں حماس کے سبز پرچم، بینرز اور کتبے اٹھا رکھے تھے جن پر فلسطینی کاز، قومی اصولوں اور آزادی کے لیے جدو جہد جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا تھا۔

شمالی غزہ کی مختلف مساجد سے نماز جمعہ کے اجتماعات کے بعد شہریوں کی بڑی تعداد ریلیوں کی شکل میں اجتماع گاہ کی طرف روانہ ہوئی۔ بعد ازاں ریلی سے حماس کے مقامی رہ نماؤں نے خطاب بھی کیا۔ مقررین نے آزادی کے لیے دشمن کی جارحیت کے نتیجے میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا۔

حماس کے تاسیسی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے جماعت کے سیاسی شعبے کے رکن ڈاکٹر خلیل الحیہ نے کہا کہ حماس آزادی کے لیے مزاحمت کے پروگرام سے دستبردار نہیں ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ حماس فلسطین کی نمائندہ اور مقبول ترین جماعت بن چکی ہے۔ دنیا کو تسلیم کرنا ہوگا کہ فلسطینی قوم کی نمائندہ قوت ہے اور اسے کسی بھی طور پر نظرانداز نہیں کیا جاسکتا۔

خیال رہے کہ حماس ان دنوں اپنے 29 یوم تاسیس کی تقریبات منعقد کررہی ہے۔ اس سلسلے میں سب سے بڑے اجتماعات غزہ کی پٹی میں منعقد کیے جا رہے ہیں۔ اس کےعلاوہ فلسطین کے دوسرے شہروں میں بھی حماس اجتماعات منعقد کررہی ہے۔

خیال رہے کہ آج سے 29 برس قبل سنہ 1987ء کو فلسطینیوں کے روحانی پیشوا الشیخ احمد یاسین شہید نے اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ کی بنیاد رکھی تھی۔ اس وقت حماس فلسطین کی ایک مضبوط اور مقبول سیاسئ، مزاحمتی اور پارلیمانی قوت بن چکی ہے۔

مختصر لنک:

کاپی