فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی کے مشرقی علاقے الشجاعیہ میں سرنگ میں پیش آنے والے حادثے کے نتیجے میں اسلامی تحریک مزاحمت ’’حماس‘‘ کے عسکری ونگ القسام بریگیڈ کے دو کارکن شہید اور تیسرا زخمی ہوگیا۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق بدھ کی شام الشجاعیہ کالونی میں سرنگ کے حادثے میں دو القسام بریگیڈ کے دو کارکن 27 سالہ رامی منیر العرعیر اور 24 سالہ اسماعیل عبدالکریم شمالی شہید ہوگئے۔ دونوں شہداء کا تعلق الشجاعیہ کالونی سے ہے۔
القسام بریگیڈ کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ تنظیم کے دو دیرینہ کارکن عسکری تربیت کے لیے کھودی گئی سرنگ کے دوران حادثے میں شہید ہوگئے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ القسام بریگیڈ غاصب صہیونی دشمن کے خلاف جدو جہد کے لیے مزاحمت کی تیاریوں کی کوششیں جاری رکھے گی۔
ادھر غزہ میں فلسطینی وزارت صحت کے ترجمان اشرف القدرہ کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں بھی دو فلسطینی مجاھدین کی شہادت کی تصدیق کی گئی ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ دونوں شہداء کا تعلق الشجاعیہ کالونی سے ہے اور ان کی عمریں بیس سال کے لگ بھگ ہیں۔