عراق میںاقوام متحدہ کے ہائی کمیشن کی جانب سے جاری کردہ ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ماہ نومبر عراقی فوج اور صوبہ کردستان کی الپشمرگہ فورسز کے لیے ہلاکت خیز ثابت ہوا ہے۔ نومبر کے دوران عراق کے مختلف شہروں میں دہشت گردی کی کارروائیوں بالخصوص شمالی شہر موصل میں داعش کے خلاف جاری آپریشن کے دوران 3600 عراقی فوجی اور کرد فوج کے اہلکار ہلاک ہوئے۔
اقوام متحدہ کے اعدادو شمار کے مطابق نومبر میں عراقی فوج کے 1959 اہلکار ہلاک ہوئے جب کہ چار ہزار اہلکاروں کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔
کرد فورسز کی طرف سے جاری کردہ بیانات میں بتایا گیا ہے کہ نومبر کے دوران کرد فوج کے 1600 اہلکار ہلاک اور 10 ہزا سے زاید زخمی ہوئے۔ زیادہ ہلاکتیں 17 اکتوبر کو داعش کے خلاف شروع کیے گئے آپریشن کے دوران ہوئیں۔
ادھر داعش کی ترجمان نیوز ایجنسی "اعماق” کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ موصل میں جاری لڑائی کے چھٹے ہفتے کے دوران 500 عراقی فوجی ہلاک کیے گئے ہیں۔ ان میں سے 41 فوجی گھات لگا کر کی گئی کارروائیوں میں ہلاک ہوئے۔
داعش کا کہنا ہے کہ اس نے موصل جنگ کے چھٹے ہفتے ک دوران عراقی فوج کی 136 گاڑیوں اور چار طیاروں کو تباہ کیا ہے۔ اس دوران داعشی جنگجوئوں نے عراقی فوج کی 23 گاڑیاں اور بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود چھین لیا۔