جمعه 15/نوامبر/2024

نہتے فلسطینیوں پر اسرائیلی فوج کا زہریلی آنسوگیس سے حملہ

جمعرات 1-دسمبر-2016

قابض صہیونی فوج نے فلسطین کے مقبوضہ بیت المقدس شہر میں نہتے فلسطینیوں کے خلاف کریک ڈاؤن اور وحشیانہ تشدد کے دوران کم سے کم 50 فلسطینی شہریوں کو زخمی کردیا۔

مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب مقبوضہ بیت المقدس کے مشرقی قصبے العیزریہ  اور الرام کے مقامات پر اسرائیلی فوجیوں نے فلسطینی شہریوں کے گھروں پر آنسوگیس کی شیلنگ کی۔ نہتے فلسطینیوں نے قابض فوج کی ریاستی دہشت گردی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔

بیت المقدس میں قائم القدس یونیورسٹی کے کیمپس پر بھی صہیونی فوج نے دھاوا بول دیا جس کے نتیجے میں متعدد فلسطینی زخمی ہوئے ہیں۔ فلسطینی مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے قابض فورسز نے طاقت کا وحشیانہ استعمال کیا۔ شہریوں پر دھاتی گولیاں برسائی گئیں اور ان پر آنسوگیس کی شیلنگ کی گئی جس کے نتیجے میں متعدد فلسطینی زخمی ہوگئے۔

عینی شاہدین کے مطابق ایک درجن سے زاید فلسطینی شہری زہریلی آنسوگیس کی اندھا دھند شیلنگ سے زخمی ہوئے۔

ہلال احمر فلسطین کے مطابق امدادی ادارے کے کارکنوں نے اسرائیلی فوج کے تشدد سے زخمی 10 فلسطینیوں کو موقع پر طبی امداد فراہم کی۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ صہیونی فوج کے تشدد اور آنسوگیس کی شیلنگ سے 39 فلسطینی دم گھنٹے سے متاثر ہوئے۔ زخمی ہونے والوں میں یونیورسٹی کے طلباء اور عام شہری دونوں شامل  ہیں۔

مختصر لنک:

کاپی