اسرائیل نے 29 مہینے نظر بند رہنے والے ساٹھ سالہ فلسطینی اسیر رزق رجوب کو رہا کر دیا ہے۔ رزق رجوب طویل ترین مدت نظر بندی گزارنے والے فلسطینی اسیر تھے۔
فلسطینی اسیران سٹڈی سینٹر کے ترجمان نے بتایا کہ رجوب کو دو جولائی 2014 میں دوبارہ نظر بند کیا گیا۔ اس وقت سے وہ بغیر کسی مقدمہ کے اسرائیل کی انتظامی نظر بندی میں رہے۔
رزق رجوب اپنی انتظامی نظر بندی سے پہلے بھی چار برس اسرائیلی قید میں گزار چکے تھے، انہیں رہا ہوئے دو ہفتے ہی ہوئے تھے کہ اسرائیلی حکام نے ان کی غیر معینہ مدت کے لئے نظری بندی کے احکامات پر عمل کرتے ہوئے انہیں گرفتار کر لیا۔
رجوب مختلف اوقات میں اسرائیلی قید میں وقت گزار چکے ہیں۔ وہ تقریبا بیس برس جیل میں رہے، جس میں انہوں نے زیادہ تر وقت انتظامی نظر بندی میں گزارا۔
پیرانہ سال مگر جواں ہمت فلسطینی اسیر صحت کے مسائل سے دوچار ہیں۔ حراست سے پہلے ان کے دو بڑے اپریشن ہو چکے ہیں۔