اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ نے لبنانی حکومت کی جانب سے فلسطینی پناہ گزین کیمپ ’عین الحلوۃ‘ کی ناکہ بندی روکنے کے فیصلے کا خیر مقدم کیا ہے اور کہا ہےکہ بیروت حکومت کے اس اقدام سے فلسطینی پناہ گزینوں کو درپیش مشکلات میں کمی آئے گی۔
خیال رہے کہ حال ہی میں لبنانی حکومت نے صیدا شہر میں قائم فلسطینی پناہ گزین کیمپ ’عین الحلوۃ‘ کے گرد سیمنٹ کی کئی میٹر بلند دیوار کھڑی کرنے کا کام شروع کیا تھا جس پر فلسطینی تنظیموں کی جانب شدید رد عمل سامنے آیا تھا۔ حماس کے سیاسی شعبے کے سربراہ خالد مشعل نے لبنانی صدر، وزیراعظم اور اسپیکر کو الگ الگ ٹیلیفون کرکے پناہ گزین کیمپ کے گرد دیوار کھڑی کرنے کا فیصلہ واپس لینے کا مطالبہ کیا تھا۔
بیروت میں حماس کے مندوب رافت مرہ نے ایک بیان میں کہا کہ ان کی جماعت عین الحلوۃ پناہ گزین کیمپ کی ناکہ بندی روکنے کے لبنانی حکومت کے فیصلے کاخیر مقدم کرتی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ فلسطینی پناہ گزین کیمپ کےگرد دیوار تعمیر کرنے کے خلاف لبنانی ذرائع ابلاغ کی طرف سے آواز بلند کرنے پر وہ ذرائع ابلاغ اور سول سوسائٹی کے بھی شکر گذار ہیں۔
اس کے علاوہ حماس لبنان کی سیاسی قیادت بالخصوص رکن پارلیمنٹ ولید جنبلاط کی طرف سے مہاجر کیمپ کے گرد دیوار کی تعمیر کی مخالفت کرنے پران کے موقف کی بھی تحسین کرتی ہے۔