فلسطین کی اسلامی تحریک مزاحمت "حماس” نے معاصر سیاسی جماعت تحریک "فتح” کی ساتویں کانفرنس میں شرکت کی دعوت قبول کر لی ہے۔ یہ کانفرنس اگلے چند دنوں میں ہو گی۔
حماس کے ترجمان فوزی برھوم نے مرکز اطلاع فلسطین کے نمائندے سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مغربی کنارے سے حماس کا وفد کانفرنس میں شرکت کرے گا، تاہم انہوں نے وفد کے ارکان کے نام بتانے سے گریز کیا۔
فوزی برھوم نے بتایا کہ غرب اردن میں سیکیورٹی کی صورتحال انتہائی ناگفتہ بہ ہے جس کی وجہ سے ہم حماس کے وفد کے نام ظاہر نہیں کر سکتے۔
یاد رہے کہ "فتح” کا ساتویں کانفرنس فلسطینی نیشنل اتھارٹی کے صدر محمود عباس کی سربراہی میں تنظیم کے ہیڈ کوارٹر رام اللہ میں 29 نومبر کو منعقد ہو گی۔ یہ کانفرنس ایک ایسے وقت میں ہو رہی ہے کہ جب فتح کی صفوں میں شدید اختلافات پائے جاتے ہیں اور وہ یکم جنوری 2017 کو اپنا 50واں یوم تاسیس منا رہی ہے۔