یورپی یونین کے زیرانتظام انسانی حقوق کی صورت حال پرنظر رکھنے کے لیے سرگرم ادارے نے ایک رپورٹ میں کہا ہے کہ دنیا بھرسے ھجرت کرکے آنے والے پناہ گزینوں کے ساتھ غیر انسانی سلوک میں جرمنی کا پہلا نمبر ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق یورپی یونین کی انسانی حقوق ایجنسی کی طرف سے جاری کردہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پناہ گزینوں سے غیر انسانی سلوک، جنسی تشدد، قتل، نفرت، نسلی تعصب جیسے سنگین جرائم میں 14 یورپی ممالک سر فہرست ہیں جن میں سب سے زیادہ بدسلوکی کے واقعات جرمنی میں پیش آئے ہیں۔
رپورٹ میں یورپی ممالک کی حکومتوں کے پناہ گزینوں کی بہبود کے لیے انسانی کردار پر کڑی تنقید کی گئی ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ چودہ یورپی ممالک میں پناہ گزینوں کے ساتھ بدسلوکی نہایت افسوسناک اور شرمانک ہے۔ جن یورپی ملکوں کے ہاں پناہ گزینوں کے ساتھ بدسلوکی کے واقعات رونما ہوئے ہیں وہاں کی حکومتو نے ان واقعات کی روک تھام کے لیے کوئی ٹھوس اقدام نہیں کیا ہے۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ یورپی ملکوں کے سیاسی رہ نما اور سرکردہ سیاسی جماعتیں بھی پناہ گزینوں کی بہبود کے لیے کوئی جاندار مہم نہیں چلا سکی ہیں ۔ بلکہ بعض ملکوں کے سیاسی رہ نما اور کارکن پناہ گزینوں سے بدسلوکی جیسے شرمناک واقعات میں ملوث رہے ہیں۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ جرمنی میں پناہ گزینوں کے ساتھ بدسلوکی کے سب سے زیادہ واقعات پیش آئے۔ جرمنی اس اعتبار سے 1 ہزار 31 واقعات کے اعتبار سے سر فہرست ہے۔ گذشتہ برس جرمنی میں پناہ گزینوں کے ساتھ بدسلوکی کے 735 واقعات رونما ہوئے تھے۔ رواں سال کے دوران ان واقعات میں غیرمعمولی اضافہ ہواہے۔