پنج شنبه 01/می/2025

تین شہید بچیوں کے فلسطینی والد کیلئےکینیڈا کااعلیٰ ترین ریاستی ایوارڈ

جمعہ 18-نومبر-2016

کینیڈا کی حکومت کی جانب سے ایک فلسطینی نژاد کینیڈین ماہر تعلیم کو بچیوں کے حقوق اور ان کی بہبود کے لیے خدمات کے اعتراف میں ریاست کے اعلیٰ ترین ایوارڈ سے نوازا ہے۔ انسانی بہبود کی خدمات میں کسی عرب شہری کو کینیڈا کے ’’گورنر جنرل میڈل‘‘ سےنوازے جانے کا یہ اب تک کا پہلا واقعہ ہے۔

مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق فلسطینی نژاد پروفسیر ڈاکٹر عزالدین ابو العیش نے سنہ 2008ء میں بچیوں کے حقوق کے لیے’’ بنات برائے زندگی‘‘ کےعنوان سے ایک تنظیم قائم کی تھی۔ انہوں نے  یہ تنظیم اپنی تین شہید بیٹیوں میار، بیسان اور آیۃ کی یاد میں بنائی تھی جنہیں  صہیونی فوج نے سنہ 2008.2009ء کی غزہ پر مسلط کی گئی جارحیت کےدوران شہید کردیا تھا۔

پروفیسر نے اپنی تنظیم کے ذریعے مشرق وسطیٰ کی عرب نژاد بچیوں کے لیے ان کی تعلیم میں معاونت شروع کی تھی جسے کینیڈا سمیت کئی دوسرے ملکوں میں بڑے پیمانے پر پذیرائی حاصل ہوئی تھی۔

ابو عیش کو کینیڈا میں ’غزہ کے ڈاکٹر‘ کے نام سے یاد کیاجاتا ہے۔ انہوں نے اپنی تنظیم کو امن کےفروغ اور بچیوں کی تعلیم کے لیے وقف کردیا اور خود بھی بچیوں کی تعلیم میں ان کی مالی معاونت میں سرگرم ہوگئے۔

ڈاکٹر ابو عیش کو کینیڈا اور امریکا سمیت دنیا کے مختلف ملکوں کی جامعات سے ڈاکٹریٹ کی  14  ڈگریاں دی جا چکی ہیں۔ اس کے علاوہ انہیں ماتما گاندھی امن ایوارڈ، اونٹاریو فرسٹ تمغہ اور الیزا بیتھ دوم ایوارڈ سے بھی نوازا جا چکا ہے۔ ان کا نام نوبیل انعام کے لیے بھی چار بارتجویز کیا جا چکا ہے۔

مختصر لنک:

کاپی