فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے شمالی شہر قلقیلیہ میں گذشتہ روز اسرائیلی فوج نے ایک نہتے فلسطینی شہری کو محض اس وجہ سے وحشیانہ تشدد کا نشانہ بنایا کہ اس نے انہیں روٹی فروخت کرنے سے انکار کردیا تھا۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق مقامی سماجی کارکن اور عوامی کمیٹی کے رابطہ کار مراد اشتیوی نے بتایا کہ صہیونی فوجیوں نے کفر قدوم کے مقام پر ایک فلسطینی شہری کو وحشیانہ تشدد کا نشانہ بنایا۔ بعد میں معلوم ہوا کہ قابض فوجی فلسطینی شہری سے روٹی مانگ رہے تھے۔ مراد اشتیوی نے بتایا کہ تشدد کا نشانہ بننے والے فلسطینی نوجوان 19 سالہ عبدالطیف عطوۃ اسرائیلی فوجیون نے کہا کہ وہ ایک مقامی تنور سے ان کے لیے روٹیاں خرید کر لائے۔ اس نے انکار کردیا تو انکار پر صہیونی فوجیوں نے اسے وحشیانہ تشدد کا نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں اس کا چہرہ لہو لہان ہوگیا۔
اشتیوی نے بتایا کہ اسرائیلی فوجی فلسطینی نوجوان کو تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد نامعلوم مقام پر لے گئے تھے تاہم بعد ازاں اسے رہا کر دیا گیا۔
ادھر کفر قدوم قصبے میں اسرائیلی فوج نے ناکے لگا کر فلسطینی شہریوں کی جامہ تلاشی کا سلسلہ بھی جاری رکھا۔ نام نہاد تلاشی کی آڑ میں فلسطینی شہریوں کی شناخت پریڈ کی گئی اور ان کے ساتھ اشتعال انگیز رویہ اپنایا گیا۔