چهارشنبه 30/آوریل/2025

اسرائیلی فوج کا فلسطینی شہروں میں کریک ڈاؤن،17 فلسطینی گرفتار

بدھ 9-نومبر-2016

فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے مختلف شہروں میں اسرائیلی فوج نے گھر گھر تلاشی کی کارروائیوں کے دوران 17 فلسطینیوں کو حراست میں لینے کے بعد نامعلوم مقامات پر منقتل کردیا ہے۔

مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق منگل کو علی الصباح قابض صہیونی فورسز نے مقبوضہ مغربی کنارے اور بیت المقدس میں مختلف مقامات پر اسرائیلی فوجیوں نے چھاپے مارے۔ تلاشی کی کارروائیوں کے دوران سترہ فلسطینیوں کو حراست میں لیا گیا۔ گھروں میں تلاشی کے دوران نہتے بچوں اور عورتوں کو زدو کوب کیا گیا، قیمتی سامان کی توڑپھوڑ کی گئی اور نقدی اور زیورات سمیت دیگر قیمتی چیزیں لوٹ لیں۔

اسرائیلی فوج کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ غرب اردن سے چھ فلسطینی اشتہاریوں کو حراست میں لیا گیا ہے۔ جنہیں مزید تفتیش کے لیے داخلی سلامتی کے خفیہ ادارے’’شاباک‘‘ کے مراکز میں منتقل کردیا گیا ہے۔

بیان میں بتایا گیا ہے کہ منگل کے روز غرب اردن کے شمالی شہر جنین، وسطی شہر رام اللہ اور اس کے شمال میں واقع الجلزون پناہ گزین کیمپ، شمال مغربی قصبے بدرس اور غرب اردن کے جنوبی شہر الخلیل میں یطا سے فلسطینیوں کو گرفتار کیا گیا۔

ادھر منگل کے روز علی الصباح قابض صہیونی فوج نے شعفاط پناہ گزین کیمپ، العیساویہ، راس العامود، بیت لحم میں  عایدہ پناہ گزین کیمپ اور دیگر مقامات پر چھاپوں کے دوران متعدد فلسطینیوں کو حراست میں لے کر نامعلوم مقام پر منتقل کردیا۔

مختصر لنک:

کاپی