مصری فوج نے بتایا ہے کہ گذشتہ روز جزیرہ نما سینا میں مسلح افراد کے حملے میں ایک سینیر فوجی افسر ہلاک ہو گیا ہے۔ اس واقعے کے بعد دو ہفتوں کے دوران شدت پسندوں کے حملوں میں ہلاک ہونے والے مصری فوجی افسروں کی تعداد تین ہو گئی ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق مصری فوج کے ترجمان بریگڈیئر محمد سمیر نے سماجی رابطے کی ویب سائیٹ ’’فیس بک‘‘ پر پوسٹ کردہ ایک بیان میں بتایا کہ شمالی جزیرہ نما سینا میں العریش کے مقام پر تیں مسلح دہشت گردوں نے بریگیڈیئر ھشام محمد محمود پر اس وقت اندھا دھند فائرنگ کی جب وہ مسجد سے نماز کی ادائی کے بعد باہر نکل رہے تھے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ بریگیڈیئر ھشام کی قاتلانہ حملے میں ہلاکت دشت گردوں کی مذموم اور انتہائی گھٹیا حرکت ہے اور فوج اس طرح کی کارروائیوں سے دہشت گردی کے خلاف جنگ پیچھے نہیں ہٹے گی۔
خیال رہے کہ جزیرہ سینا میں دو ہفتوں کے دوران دہشت گردوں کے حملوں میں یہ تیسرے مصری سینیر افسر کی ہلاکت ہے۔ اس سے قبل 22 اکتوبر کو قاہرہ میں مسلح افراد نے فائرنگ کرکے بریگیڈیئر عادل رجائی کو ہلاک کردیا تھا۔
مصری فوج سنہ 2013ء سے جزیرہ نما سیناء میں عسکریت پسندوں کے خلاف سرگرم عمل ہے۔ فوج کی طرف سے دہشت گردوں کی کمر توڑ دینے کا دعویٰ کیا جا رہا ہے مگر اس کے باوجود فائرنگ کے واقعات میں فوجی افسروں اور جوانوں کی ہلاکتوں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔