فلسطین کے شمالی شہر کفر قاسم میں 60 سال پیشتر یہودی بلوائیوں اور دہشت گردوں کے حملے میں دسیوں فلسطینیوں کو شہید کئے جانے کے ہولناک واقعے کی یاد میں مقبوضہ فلسطین میں مظاہرے جاری ہیں۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق گذشتہ روز کفر قاسم کے مرکز میں ہزاروں افراد نے ایک عظیم الشان ریلی میں شرکت کی۔ ریلی میں شریک شہریوں نے ساٹھ سال قبل اسرائیلی فوج اور یہودی دہشت گردوں کے حملوں میں شہید کیے گئے فلسطینیوں کی تصاویر، بینرز اور کتبے اٹھا رکھے تھے۔
وسطی کفر قاسم سے نکلنے والی ریلی میں اسرائیلی کنیسٹ کے عرب ارکان پارلیمان نے بھی شرکت کی، جس پراسرائیلی ذرائع ابلاغ کی طرف سے کڑی تنقید کی گئی۔
خیال رہے کہ 29 اکتوبر 1956ء کو کفر قاسم کے مقام پر یہودی فوج نے فلسطینی آبادی کا وحشیانہ قتل عام کیا تھا جس کے نتیجے میں 48 فلسطینی شہید اور سیکڑوں زخمی ہوگئے تھے۔ فلسطینی شہری ہرسال یہودیوں کی اس منظم دہشت گردی کی یاد میں سوگ مناتے ہیں۔ گذشتہ روز ریلی میں شریک شہریوں نے کفر قاسم کے مقام پر ہونے والے قتل عام کے نتیجے میں شہید فلسطینیوں کی قبروں پر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی بھی کی۔