چهارشنبه 30/آوریل/2025

اسرائیلی فوجیوں پرحملوں کی منصوبہ بندی الزام میں فلسطینی شہری گرفتار

ہفتہ 29-اکتوبر-2016

اسرائیلی ذرائع ابلاغ نے دعویٰ کیا ہے کہ فوج نے ایک فلسطینی نوجوان کی گرفتاری کی خبر مشتہر کرنے کی اجازت دی ہے۔ زیرحراست فلسطینی شہری پر اسرائیلی فوجیوں پر حملوں کی منصوبہ بندی کا الزام عاید کیا گیا ہے۔

عبرانی اخبار’معاریو‘ کے مطابق فوج نے ایک کارروائی کے دوران تین ہفتے قبل مشرقی بیت المقدس سے فلسطینی شہری کو حراست میں لیا تھا۔ دوران حراست اس سے تفتیش کے بعد معلوم ہوا کہ وہ اسرائیلی فوج پر خطرناک نوعیت کے حملوں کی منصوبہ بندی کررہا تھا۔

صہیونی فوج کی طرف سے جاری کردہ تفصیلات میں فلسطینی مزاحمت کار کی شناخت محمد موسیٰ محمد عباسی کے نام سے کی گئی ہے جس کا آبائی تعلق بیت المقدس کے راس العامود ٹاؤن سےہے۔ اس نے بیت المقدس میں اسرائیلی فوج، پولیس اور یہودی آباد کاروں پر حملوں کے لیے اسلحہ کی خریداری کی کوشش کی تھی جس پر اسے حراست میں لے لیا گیا۔

اسرائیلی داخلی سلامتی کے خفیہ ادارے’شاباک‘ نے دعویٰ کیا ہے کہ مزاحمت کار محمد عباسی کا تعلق اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ کے ساتھ ہے اور وہ اسرائیلی فوجیوں  اور یہودی آباد کاروں کی گاڑیوں پر پتھراؤ کی کارروائیوں میں بھی پیش پیش رہا ہے۔

صہیونی حکام کا کہنا ہے کہ محمد العباسی کے فیس بک صفحے کا پتا چلایا گیا ہے۔ اس کے فیس بک پیج پر حماس کی حمایت اور اسرائیلی فوج کے خلاف کارروائیوں کے لیے مواد موجود ہے۔ اس نے پچھلے سال اکتوبر میں ایک اسرائیلی بس پر فائرنگ اور فدائی حملے کی بھی حمایت کی تھی۔ اس کارروائی میں چار یہودی ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے تھے۔

مختصر لنک:

کاپی