فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے اور بیت المقدس میں اسرائیلی فوج کی جانب سے نہتے فلسطینیوں کے خلاف جاری کریک ڈاؤن میں مزید انیس شہریوں کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔ گرفتار کئے گئے شہریوں میں پانچ بچے بھی شامل ہیں۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق گذشتہ روز بیت المقدس میں اسرائیلی فوج نے العیسیویہ، سلوان، شعفاط پناہ گزین کیمپ اور جبل المکبر میں فلسطینی شہریوں کے گھروں پر چھاپے مارے اور پانچ بچوں سمیت انیس فلسطینیوں کو گرفتار کرلیا۔
صہیونی پولیس کی جانب سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ حراست میں لیے گئے فلسطینیوں میں بعض اسرائیلی فوج پر سنگ باری کرنے اور یہودی مذہبی تہواروں کےدوران ٹائر جلا کر احتجاج کرنے میں ملوث فلسطینی بھی شامل ہیں۔
اسرائیل کے جنرل عبرانی ریڈیو نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہےکہ پولیس نے جن انیس فلسطینیوں کو حراست میں لیا ہے۔ انہیں تفتیش کے لیے خفیہ مقامات پر منتقل کر دیا گیا ہے۔ حراست میں لیے گئے فلسطینیوں سے تفتیش کے لیے عدالتوں سے ان کی حراست کی مہلت حاصل کی جائے گی۔