فلسطین کے علاقے مقبوضہ مغربی کنارے کی شاہراؤں پر گذشتہ روز یہودی آباد کاروں کی میراتھن دوڑ کی آڑ میں اسرائیلی فوج نے فلسطینی شہریوں کو گھروں میں محصور کردیا۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق گذشتہ روز یہودی شرپسندوں کی میراتھن ریس کے دوران مقبوضہ مغربی کنارے کے شمالی اور جنوبی علاقوں کا رابطہ منقطع کردیا گیا۔ اسرائیلی فوج اور پولیس کی بھاری نفری نے صہیونیوں کو فول پروف سیکیورٹی مہیا کرنے کے لیے سڑکوں پر فلسطینیوں کو گاڑیاں چلنے اور پیدل چلنے سے روک دیا۔
مقامی فلسطینی شہریوں کا کہنا ہے کہ یہودی آباد کاروں کی میراتھن ریس کئی گھنٹے تک جاری رہی جب کہ صہیونی فوج نے صبح سے شام تک جنوبی اور شمالی رام اللہ کے درمیان فلسطینیوں کی آمد ورفت روک دی تھی۔
مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ شمالی رام اللہ کے شہروں کا جنوبی اور وسطی رام اللہ کے درمیان رابطہ اور گاڑیوں کی آمد ورفت کئی گھنٹے معطل رہی جب کہ میراتھن کے راستوں پر واقع فلسطینی بستیوں کے باہر بھاری تعداد میں اسرائیلی فوج تعینات کی گئی تھی جس نے فلسطینیوں کے گھروں سے نکلنے پر پابندی عاید کردی تھی۔
صہیونی فوج کی جانب سے اعلان کیا گیا تھا کہ جمعہ کو صبح ساڑھے چھ سے دن ساڑھے گیارہ بجے تک شاہراہ نمبر 60 پر میراتھن دوڑ کا اہتمام کیا جا رہا ہے۔ اس دوران فلسطینیوں کو اس سڑک پر چلنے کی اجازت نہیں۔ بعد ازاں بائی پاس سڑکوں اور غرب اردن کے کئی دوسرے شہروں میں بھی یہودیوں کی میراتھن دوڑ کی آڑ میں فلسطینیوں کو گھروں سے نکلنے سے روک دیا گیا تھا۔