فلسطینی اتھارٹی کی پولیس نے ایک سینیر پولیس افسر کو کام سے روک دیا ہے۔ روکے گئے پولیس عہدیدارپرالزام عاید کیا گیا ہے کہ اس نے سوشل میڈیا پر ایک بیان میں صدر عباس کے سابق اسرائیلی صدر شمعون پیریز کے جنازے میں شرکت پر تنقید کی تھی۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق ڈائریکٹر تعلقات عامہ کیپٹن اسامہ منصور المعروف ابو عرب نے سماجی رابطے کی ویب سائیٹ ’فیس بک‘ پر پوسٹ ایک بیان میں کہا ہے کہ صدر عباس کی شمعون پیریز کے جنازے میں شرکت پر سوال اٹھانے کی پاداش میں مجھے ملازمت سے ہٹانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ فلسطینی اتھارٹی کے حکم پر مجھے کام سے روک دیا گیا ہے۔
کیپٹن منصور کا کہنا ہے کہ میں نے صدر عباس کے شمعون پیریز کے جنازے میں شرکت پر تنقید کرے کوئی شرمناک کام نہیں کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ میں اب بھی تحریک فتح کی سرکردہ قیادت اور صدر محمود عباس کے شعمون پیریز کے جنازے میں شرکت پر تنقید کرتا ہوں۔
خیال رہے کہ گذشتہ جمعہ کو صدر عباس نے بیت المقدس میں سابق اسرائیلی صدر شمعون پیریز کی آخری رسومات کی ادائیگی میں شرکت کی تھی جس پر فلسطینی عوامی، سماجی اور سیاسی حلقوں کی طرف سے شدید رد عمل کا اظہار کیا گیا تھا۔