چهارشنبه 30/آوریل/2025

عالمی برادری فلسطینیوں کے قتل عام کا تماشا دیکھ رہی ہے: فلسطینی رہ نما

اتوار 18-ستمبر-2016

فلسطین کے ایک سرکردہ سیاسی رہ نما اور جمہوری محاذ برائے آزادی فلسطین کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل نے صہیونی فوج کی وحشیانہ کارروائیوں اور منظم ریاستی دہشت گردی کی شدید مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ عالمی برادری فلسطینی قوم کو صہیونی ریاست کے مظالم سے تحفظ دلانے میں ناکام رہی ہے۔

مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق جمہوری محاذ برائے آزادی فلسطین کے رہ نما  اور رکن پارلیمنٹ قیس عبدالکریم المعروف ابو لیلیٰ نے کہا کہ اسرائیلی فوج نہتے فلسطینیوں کا ماورائے عدالت قتل عام کر رہی ہے اور عالمی برادری فلسطینیوں کے بہتے ہوئے خون کا تماشا دیکھ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ قابض فوجی نام نہاد دعوؤں اور الزامات کی آڑ میں فلسطینیوں کو راہ چلتے ہوئے گولیاں مار کر شہید کرتی ہے اور پھر یہ دعویٰ کیا جاتا ہے کہ شہید ہونے والے فلسطینی مزاحمت کار تھے اور فدائی حملے کے دوران مارے گئے ہیں۔ یہ تمام الزامات صہیونی فوج کا اپنے جرائم چھپانے کا مکروہ حربہ ہے۔

فلسطینی سیاست دان نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ مظلوم فلسطینی قوم کو صہیونی ریاست کے وحشیانہ مظالم سے نجات دلانے کے لیے اپنا کردار ادا کرے اور فلسطینیوں کا قتل عام بند کرائے۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ ، اسلامی تعاون تنظیم اور عرب لیگ جیسے ادارے فلسطینیوں کے قتل عام کا تماشا دیکھ رہے ہیں۔

خیال رہے کہ ابو لیلیٰ نے یہ بیان صہیونی فوج کی حالیہ دہشت گردی کے تناظر میں دیا ہے۔ صہیونی فوج نے گذشتہ تین دن کے دوران چار فلسطینیوں کو گولیاں مار کر شہید کر دیا ہے اور دعویٰ یہ کیا گیا ہے کہ شہید ہونے والے چاروں فلسطینی فدائی حملہ آور تھے۔

مختصر لنک:

کاپی