فلسطین کے مقبوضہ مشرقی بیت المقدس میں العیزریہ کے مقام پر اسرائیلی فوجیوں نے فلسطینی شہریوں پر آنسوگیس کی شیلنگ کے ساتھ ساتھ آتش گیر مادہ پھینک کر ایک بازار کو آگ لگا دی جس کے نتیجے میں کم سے کم 17 فلسطینی زخمی ہوئے جب کہ کئی دکانیں جل کر راکھ ہوگئی ہیں۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق العیزریہ بازار کے ایک دکاندار وسام امطور نے بتایا کہ صہیونی فوجی اور پولیس کی بھاری نفری فلسطینی نوجوانوں کے تعاقب میں بازار میں داخل ہوئی اور دکانوں پر اندھا دھند آنسوگیس کی شیلنگ شروع کردی۔ آنسوگیس کی شیلنگ کے نتیجے میں بازار میں آگ لگ گئی جس نے کئی دکانوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ آتش زدگی کی لپیٹ میں اس کی ملبوسات کی دکان بھی آئی جس کے نتیجے میں دکان میں موجود سامان جل کر راکھ بن گیا۔
مقامی ذرائع نے بتایا کہ اسرائیلی فوج کی آنسوگیس کی شیلنگ، صوتی بموں اور آتش گیر مواد کے استعمال سے کم سے کم 17 فلسطینی زخمی ہوئے ہیں۔ بیشتر فلسطینی آنسوگیس کی شیلنگ سے زخمی ہوئے۔
ہلال احمر فلسطین کی رپورٹ کے مطابق اس کے رضاکاروں نے 13 زخمیوں کو فوری طبی امداد مہیا کی ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ تیرہ افراد پرانے بیت المقدس کے ایک قبرستان کے قریب واقع بازار میں اسرائیلی فوج کی شیلنگ سے زخمی ہوئے جب کہ چار افراد دکانوں میں لگی آگ بجھاتے ہوئے صہیونی فوج کی شیلنگ کا نشانہ بنے ہیں۔
ادھر بیت المقدس میں العیساویہ کے مقام پر اسرائیلی فوج نے گھر گھر تلاشی کی کارروائیوں کے دوران ایک 15 سالہ فلسطینی بچے کو گرفتار کر لیا۔