اسرائیلی فوج کی ریاستی دہشت گردی کے نتیجے میں آج جمعہ کے روز مزید دو فلسطینی شہید اور متعدد زخمی ہو گئے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق قابض صہیونی فوجیوں نے فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے جنوبی شہر الخلیل میں ’کریات اربع‘ یہودی کالونی کے قریب فلسطینی میاں بیوی کو گولیاں مار دیں جس کے نتیجے میں فلسطینی شہری شہید اور اس کی اہلیہ شدید زخمی ہو گئی۔ صہیونی فوج نے حسب معمول دعویٰ کیا ہے کہ فلسطینیوں کو گولیاں اس وقت ماری گئیں جب انہوں نے یہودی فوجیوں پر چاقو سے حملے کی کوشش کی تھی تاہم صہیونی فوج کے اس دعوے کی تصدیق نہیں ہو سکی ہے۔
اسرائیل کے عبرانی اخبار’یدیعوت احرونوت‘ نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ کریات اربع کے قریب اسرائیلی فوجیوں نے ایک مشکوک فلسطینی کار پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں کار میں سوار دو افراد زخمی ہو گئے۔ بعد ازاں ان میں سے ایک زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ زخمی ہونے والی دوسری خاتون ہیں جس کی حالت تشویشناک بیان کی جاتی ہے۔ صہیونی فوج نے زخمی خاتون کو حراست میں لے لیا ہے۔
عبرانی اخبار نے اپنی ویب سائیٹ پرپوسٹ خبر میں بتایا ہے کہ فوج کا کہنا ہے کہ دونوں فلسطینی میاں بیوی فدائی حملے کی تیاری کر رہے تھے۔
مرکزاطلاعات فلسطین نے مقامی ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ اسرائیلی فوج کی ریاستی دہشت گردی کے نتیجے میں شہید ہونے والے فلسطینی شہری کی شناخت فراس موسیٰ البیروای الخضور کے نام سے کی گئی ہے۔ اس کا تعلق مشرقی الخلیل کے بنی نعیم قصبے سے ہے۔ شہید کی بیوہ رغدہ الخضور شدید زخمی ہیں۔ رغدہ کی ایک بہن مجد الخضور رواں سال ماہ صیام میں اسرائیلی فوج کی دہشت گردی کے نتیجے میں جام شہادت نوش کر چکی ہے۔
قبل ازیں جمعہ کے روز مقبوضہ بیت المقدس میں باب العامود کے مقام پر اسرائیلی پولیس نے ایک فلسطینی نوجوان پر گولیاں ماریں جس کے نتیجے میں وہ جام شہادت نوش کرگیا۔ صہیونی فورسز کا کہنا ہے کہ فلسطینی نوجوان کو فدائی حملے کی کوشش کے دوران گولی ماری گئی۔ عبرانی اخبار’معاریف‘ کی ویب سائیٹ کے مطابق فلسطینی نوجوان کے پاس ایک چاقو تھا جس کی مدد سے اس نے اسرائیلی بارڈر فورس کے اہلکاروں پرحملے کی کوشش کی تھی۔
عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ شہید ہونے والا شہری اردنی نژاد ہے۔ اسرائیلی پولیس کی خاتون ترجمان لوبا السمری کاکہنا ہے کہ اردنی نژاد ایک 28 سالہ فلسطینی النبی پل عبور کر کے بیت المقدس داخل ہوا اور وہ یہودی فوجیوں پرحملے کی کوشش کررہا تھا۔ شہید ہونے والے نوجوان کا جسد خاکی اسرائیلی فوج نے قبضے میں لے لیا ہے۔ اس کی مزید شناخت نہیں کی جا سکی ہے۔