فلسطین کے علاقے مقبوضہ مغربی کنارے اور غزہ کی پٹی کے قرب وجوار میں بنائی گئی یہودی کالونیوں کی سیکیورٹی کے لیے صہیونی حکومت نے 11 کروڑ شیکل کی رقم منظور کی ہے۔
اسرائیل کے عبرانی ریڈیو نے اسرائیلی پارلیمنٹ میں ’یہودا و سامرا‘ یہودی کالونیوں کے امور سے متعلق کمیٹی کے چیئرمین موتی یوگیو کا ایک بیان نقل کیا ہے جس میں ان کا کہنا ہے کہ یہودی کالونیوں کی سیکیورٹی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ پارلیمنٹ نے بھی غزہ کی پٹی کے قریب اور غرب اردن میں موجود یہودی کالونیوں کی سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے اضافی بجٹ کی منظوری دی ہے۔ مذکورہ رقم غزہ کی سرحد کے قریب،مغربی کنارے اور لبنان کی سرحد کے قریب واقع یہودی کالونیوں کے دفاع اور سیکیورٹی پرصرف کی جائے گی۔
خیال رہے کہ اسرائیلی حکومتیں ماضی میں بھی یہودی کالونیوں کی سیکیورٹی پرغیرمعمولی رقوم صرف کرتی رہی ہیں مگرفلسطینی مجاھدین کی طرف سے اسرائیل کے تمام سیکیورٹی انتظامات کو روند کریہودی کالونیوں کے اندر تک رسائی کا سلسلہ اب بھی جاری ہے، جس پرصہیونی ریاست سخت پریشان دکھائی دیتی ہے۔