اسرائیلی فوج کے جنگی طیاروں نے فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی میں مجاھدین کے متعدد مراکز پر جمعرات کو تازہ حملے کیے ہیں جن میں بڑے پیمانے پر مادی نقصان ہوا ہے تاہم کسی قسم کے جانی نقصان کی اطلاع نہیں مل سکی۔
مقامی فلسطینی ذرائع نے مرکزاطلاعات فلسطین کو بتایا کہ اسرائیلی بمبار طیاروں نے غزہ کی پٹی میں تین الگ الگ مقامات پر اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ کے عسکری ونگ القسام بریگیڈ کے مراکز پرتین میزائل حملے کئے۔ ان حملوں میں متعدد مکانات تباہ ہوئے ہیں۔
مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ ایک میزائل حملہ شمالی غزہ میں بیت لاھیا کے شمال مغرب میں عسقلان مرکز پرگیا گیا۔ جس کے نتیجے میں القسام کے مرکز کو نقصان پہنچا ہے۔
دوسرحملہ بیت لاھیا کے شمال مغرب میں الشیماء کے مقام پر فیلڈ فورس کے مرکز پردو میزایلوں سے کیا گیا جس کے نتیجے میں ہدف بننے والی عمارت سے آگ کے بادل بلند ہوتے دکھائی دیے گئے ہیں۔ تیسرا حملہ مشرقی غزہ میں القسام کے یرموک کیمپ پر کیا گیا جس کے نتیجے میں مرکز میں متعدد عمارتوں کو نقصان پہنچا ہے۔
ادھر اسرائیلی فوج کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ تازہ میزائل حملے جمعرات کو علی الصباح اشکول یہودی کالونیوں پر داغے گئے ایک راکٹ حملے کا جواب ہیں۔