اسرائیل کے عبرانی ذرائع ابلاغ نے بتایا ہے کہ سوموار کے روز اسرائیلی دارالحکومت قرار دیے جانے والے فلسطینی شہر’’تل الربیع‘‘[تل ابیب] میں ایک زیرتعمیر عمارت کے زمین بوس ہونے کے نتیجے میں کم سے کم 30 افراد زخمی ہو گئے ہیں۔
عبرانی ذرائع ابلاغ کےمطابق تل ابیب میں ایک کثیرالمنزلہ عمارت میں کارپارکنگ کے لیے گیراج بنایا جا رہا تھا کہ اچانک اس کی چھت زمین پرآ گری جس کے نتیجے میں عمارت میں کام کرنے والے تیس افراد زخمی ہو گئے۔
اسرائیل کے عبرانی ٹی وی 2نے اپنی ویب سائیٹ میں ذرائع کے حوالے سے ایک رپورٹ میں بتایا ہے کہ حادثے کا شکار ہونے والی عمارت کے بارے میں تفصیلات سامنے نہیں آئی ہیں۔ ایک ذریعے کا کہنا ہے کہ حادثہ کرین گرنے کے باعث پیش آیا ہے۔ حادثے کے نتیجے میں مختلف ملکوں سے تعلق رکھنے والے افراد زخمی ہوئے ہیں تاہم ان کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی۔ تمام زخمیوں کو ’ایخلوف‘، بلنسن اور تل ھاشومیر اسپتالوں میں داخل کر دیا گیا ہے جہاں ان میں سے پانچ کی حالت تشویشناک بیان کی جاتی ہے۔ اسرائیلی پولیس نے واقعے کی تحقیقات شرو کر دی ہیں۔