اسرائیلی حکام نے فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے شمالی شہر جنین کے قباطیہ قصبے کے رہائشی ایک شہری کو پانچ سال قید میں رکھنے کے بعد گذشتہ روز رہا کردیا۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے نامہ نگار کے مطابق رہائی پانے والے فلسطینی علاء فائز سباعنہ کے اہل خانہ نے اس کی رہائی کی تصدیق کی ہے۔
مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ رہائی پانے والے فلسطینی نوجوان کی رہائی کی خوشی میں ایک تقریب دس روز قبل شہید ہونے والے فلسطینی نوجوان ساری ابو غراب کے گھر میں منعقد کی گئی کیونکہ صہیونی فوجیوں نے علاء سباعنہ کو اس کے اپنے گھر جانے سے روک دیا تھا۔
سباعنہ نے شہید ابو غراب کے اہل خانہ سے ان کے بیٹے کی شہادت پر تعزیت کی۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ فلسطینی اسیران اور شہداء تحریک آزادی فلسطین کا ایندھن ہیں۔
قبل ازیں سباعنہ کو جزیرہ نما النقب جیل سے رہا کرنے کے بعد الخلیل میں الظاھریہ چیک پوسٹ پرلایا گیا تھا جہاں بعد ازاں انہیں جنین منتقل کیا گیا۔