اسرائیلی ذرائع ابلاغ نے بتایا ہے کہ امریکا اور اسرائیل نے مشترکہ طور پر صہیونی ریاست کے مصنوعی سیارے کوخلاء میں بھیجنے کے تجربے کی ناکامی کی تحقیقات کا فیصلہ کیا ہے۔ میڈیارپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ مصنوعی سیارے کو خلاء میں بھیجنے میں ناکامی کے نتیجے میں اسرائیل کو 20 کروڑ امریکی ڈالر کے مساوی نقصان اٹھانا پڑا ہے۔
اسرائیل کے عبرانی ریڈیو نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ امریکی اور اسرائیلی ماہرین کی ایک ٹیم مشترکہ طور پر’’عاموس 9‘‘ کے فضاء میں چھوڑتے ہی دھماکے سے پھٹنے کی تحقیقات کرے گی۔
خیال رہے کہ حال ہی میں امریکی ریاست فلوریڈا میں قائم ’’کانیفرال کیپ خلائی اسٹیشن سے دونوں ملکوں کے اشتراک سےتیار کیا جانے والا مصنوعی سیارہ ’’عاموس9‘‘ خلاء میں چھوڑا گیا تھا مگر یہ سیارہ چھوڑنے کے ساتھ ہی ایک زور دار دھماکے سے پھٹ گیا جس کے نتیجے میں امریکا اور اسرائیل کا مشترکہ تجربہ ناکام ہوگیا تھا۔
عبرانی ریڈیو کے مطابق عاموس نائن کی تیاری پر بیس کروڑ ڈالر کی لاگت آئی تھی۔