شنبه 16/نوامبر/2024

اڑھائی ہزار ٹن امدادی سامان سے لدا بحری جہاز ترکی سے فلسطین روانہ

ہفتہ 3-ستمبر-2016

ترکی کی جانب سے فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی کے محصورین کے لیے امدادی سامان اور ادویات کی بھاری کھیپ لے کر ایک بحری جہاز فلسطین کی طرف عازم سفرہوگیا ہے۔ سامان سے لدا بحری جہاز عید الاضحٰی سے قبل ہی فلسطین پہنچ جائے گا۔

مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق ترکے شعبہ حادثات و ایمرجنسی ’’آفاد‘‘ کی جانب سے جمع کیے گئے 2500 ٹن امدادی سامان کو ایک بحری جہاز پرلاد کر کل 2 نومبر بہ روز جمعہ ترکی کی ’’مرسین‘‘ بندرگاہ سے روانہ کردیا گیا ہے۔ یہ امدادی جہاز اسرائیل کے ساتھ ترکی کے سفارتی تعلقات کی بحالی کے بعد فلسطینیوں کے لیے  دو ماہ میں امداد کی دوسری کھیپ ہے۔

نئے امدادی مشن کو ’’Eclips‘‘ کا نام دیا گیا ہے۔ اس سے قبل جولائی میں ایک امدادی جہاز’’لیڈی لیلیٰ‘‘ کے عنوان سے سیکڑوں ٹن امدادی سامان لے کر غزہ پہنچ چکا ہے۔ لیڈی لیلیٰ جہاز کے ذریعے امدادی سامان ترک صدر رجب طیب ایردوآن اور وزیراعظم بن علی یلدرم کی خصوصی ہدایت پر اس وقت روانہ کیا گیا تھا جب ترکی اور اسرائیل کے درمیان سفارتی تعلقات کی بحالی کے موقع پر اسرائیل نے غزہ کی پٹی پرعاید پابندیوں میں نرمی کرنے اور ترکی کے امدادی سامان کو غزہ تک پہنچانے کی شرط بھی قبول کی تھی۔ ترکی سے لایا گیا امدادی سامان اسرائیل کی ’’اسدود‘‘ بندرگاہ پرلایا جاتا ہے جہاں سے اسے ٹرکوں پر لاد کر غزہ کی پٹی کو فراہم کیا جاتا ہے۔

ترک وزیراعظم سیکرٹیریٹ کے زیرانتظام ایمرجنسی سروسز کے چیئرمین محمد خالص بیلدان نے انقرہ میں امدادی جہاز کی روانگی کے موقع پر گفتگو کرتےہوئے کہا کہ امدادی جہاز چند ایام کے اندر اندر اسرائیل کی اشدود بندرگاہ تک پہنچ جائے جہاں ترکی کے امدادی ادارے ہلال احمر ترکی کی نگرانی میں امدادی سامان وہاں سے ٹرکوں کے ذریعے غزہ کی پٹی تک پہنچایا جائے گا۔

انہوں نے بتایا کہ امدادی سامان میں خوراک، علاج کے لیے استعمال ہونےوالے آلات، ادویات، اسکولوں کا سامان، اسٹیشنری، کپڑے، سائیکلیں اور صفائی ستھرائی کے لیے استعمال ہونے والا سامان شامل ہے۔

خیال رہے کہ اس سے قبل ترکی کی طرف سے گیارہ ہزار ٹن ادمادی سامان لیڈی لیلیٰ قافلے کے ذریعے غزہ تک پہنچایا گیا تھا۔

مختصر لنک:

کاپی