جمعه 15/نوامبر/2024

فلسطینی شہروں میں اسرائیلی فورسزکا کریک ڈاؤن، متعدد فلسطینی گرفتار

اتوار 21-اگست-2016

فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے اور بیت المقدس میں اتوار کے روز صہیونی فوج کے وحشیانہ کریک ڈاؤن میں متعدد فلسطینی شہریوں کو حراست میں لے لیا گیا۔

مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق اسرائیلی فوج کی جانب سے جاری کردہ بیانات میں بتایا گیا ہے کہ چار فلسطینیوں کو غرب اردن سے حراست میں لیا گیا۔ ان میں سے دو افراد سیکیورٹی اداروں کو صہیونی فوج اور یہودی آباد کاروں پر حملوں میں مطلوب تھے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق صہیونی فورسز نے الخلیل شہر کے بیت امر، عایدہ اور الدھیشہ کیمپوں، بیت لحم اور طوبالس میں الفارعہ کیمپوں میں گھر گھر تلاشی لی۔ تلاشی کی مہم کے دوران بیت لحم سے اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ کے ایک مقامی رہ نما سمیت متعدد فلسطینیوں کو حراست میں لے لیا گیا۔

عینی شاہدین نے بتایا کہ طوباس میں الفارعہ پناہ گزین کیمپ کے قریب اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے ایک 24 سالہ فلسطینی محمود واکد زخمی ہوگیا۔ زخمی فلسطینی نوجوان کو رفیدیا اسپتال منتقل کیا گیا جہاں اس کی حالت تشویشناک بیان کی جاتی ہے۔

ادھر فارعہ کیمپ میں تلاشی کی کارروائی میں 28 سالہ معاذ العایدی کو حراست میں لے لیا گیا۔ الخلیل میں بیت امرکے مقام سے فائز محمد صبیح اور لوئی ھانی الصبیح کو گرفتار کیا گیا۔ بورین ، عراق بورین،تل اور بیت دجن کے مقامات پر بھی فلسطینی شہریوں کے خلاف کریک ڈاؤن کی  مہم چلائی گئی۔ تلاشی کی کارروائیوں کی آڑ میں اسرائیلی فوجی گھروں میں گھس کر نہتے شہریوں کو تشدد کا نشانہ بناتے، خواتین اور بچوں کو زدو کوب کرتے اور قیمتی سامان کی توڑپھوڑ کرتے رہے۔

مختصر لنک:

کاپی