اسرائیلی آرمی چیف نے فلسطینی شہریوں کے قتل عام میں مشہور جنرل کوبی باراک کو صہیونی ریاست کی بری فوج کا سربراہ مقرر کیا ہے۔ جنرل کوبی باراک میجر جنرل گائی زور کی جگہ لیں گے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق اسرائیلی فوج کے ہیڈ کواٹر کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ آرمی چیف جنرل گابی آئزنکوٹ نے گیدعون پلان پرعمل کرتے ہوئے جنرل کوبی باراک کو میجر جنرل گائی زور کی جگہ بری فوج کا سربراہ مقرر کیا ہے۔ سبکدوش ہونے والے جنرل گائی زور گذشتہ تین سال سے اس عہدے پر تعینات تھے۔
خیال رہے کہ جنرل کوبی باراک کی پیدائش سنہ 1964ء کی ہے۔ وہ فوج میں کرنل کے عہدے سے ترقی کرتے ہوئے جنرل تک پہنچے ہیں۔ اس سے قبل انہیں فوج کے ٹیکنالوجی اور لاجسٹک سروسز کا انچارج، بریگیڈ 401 کا بریگیڈ کمانڈر، آپریشن کنٹرول روم کا انچارج، فوج کی سینٹرل کمان کا سربراہ مقرر کیا جا چکا ہے۔ جنرل کوبی فلسطین میں اسرائیل کے خلاف پہلی اور دوسری تحریک انتفاضہ میں نہتے فلسطینیوں کے قتل میں پیش پیش رہا۔ اس کے علاوہ غزہ کی پٹی پر سنہ 2008ء، 2012ء اور سنہ 2014ء کی جنگ میں بھی شامل رہا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ فوج میں اسے فلسطینیوں کے سخت مخالف اور دشمن کے طور پر جانا جاتا ہے۔