جمعه 15/نوامبر/2024

مظاہرین اور اسرائیلی فوج میں پرتشدد جھڑپیں، 13 فلسطینی،ایک صہیونی زخمی

اتوار 7-اگست-2016

فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے شمالی شہر نابلس میں بورین اور بیتا کے مقام پر فلسطینی شہریوں کی احتجاجی ریلیوں پر اسرائیلی فوج کے وحشیانہ تشدد کے نتیجے میں ایک درجن سے زاید فلسطینی زخمی ہو گئے ہیں۔ ادھر ایک دوسری کارروائی میں ایک صہیونی فوجی بھی شدید زخمی ہوا ہے۔

مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق ہلال احمر فلسطین کی فراہم کردہ اطلاعات کے مطابق جنوبی نابلس میں بیتا اور بورین کے مقام پر فلسطینی شہریوں نے احتجاجی ریلیاں نکالیں۔ صہیونی فوجیوں نے فلسطینی مظاہرین کو منتشر کرنے کے لئے ان پر وحشیانہ تشدد کیا جس کےنتیجے میں تین افراد زخمی ہوئے ہیں۔ زخمیوں میں سے ایک کی حالت نازک بیان کی جاتی ہے۔

قبل ازیں اسی علاقے میں نکالی گئی ریلی کے دوران اسرائیلی فوج کی آنسوگیس کی شیلنگ کے نتیجے میں 10 شہری زخمی ہوگئے تھے جنہیں موقع پر طبی امداد مہیا کی گئی ہے۔

عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ صہیونی فوج کی گشتی پارٹیوں نے ہفتے کی شام حارہ الحمائل، حارہ دویکات، بیتا اور الفوقا کے مقامات پر فلسطینی مظاہرین پر تشدد کیا۔ ایک عینی شاہد نے بتایا کہ صہیونی فورسز نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے ان پر اندھا دھند آنسوگیس کی شیلنگ کی، لاٹھی چارج کیا اور ربڑ کی گولیاں برسائیں۔

ادھر بورین کے مقام پر فلسطینی شہریوں اور صہیونی فورسز کے درمیان تصادم کے نتیجے میں کم سے کم ایک اسرائیلی فوجی بھی زخمی ہوا ہے۔ عبرانی نیوز ویب پورٹل ’’0404‘‘ نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ بورین کے مقام پر فلسطینیوں کی سنگ باری سے ایک فوجی کو بھی زخم آئے ہیں جسے علاج کے لیے فوجی اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق فوجی اہلکار کےسرمیں چوٹیں لگنے سے زخم آئے ہیں۔ سے ایک فوجی ایمبولینس کی مدد سے بیلینسن اسپتال منتقل کیا گیا ہے جہاں اس کی حالت خطرے سے باہر بیان کی جاتی ہے۔

مختصر لنک:

کاپی