سماجی رابطے کی مقبول ویب سائیٹ’فیس بک‘ کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر مارک زوکر برگ نے دنیا کے لاکھوں صارفین کے لیے مفت انٹرنیٹ کی سہولت فراہم کرنے کے لیے شمسی توانائی پر کام کرنے والا ڈرون طیارہ فضاء میں چھوڑنے کا اعلان کیا ہے۔ زوکر برگ کا کہنا ہے کہ یہ شمسی طیارہ دنیا کے غریب اور پسماندہ خطوں میں انٹرنیٹ کی مفت سروس فراہم کرے گا۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق اپنے فیس بک صحفے پر پوسٹ کردہ ایک بیان میں زوکر برگ کا کہنا ہے کہ موبائل انٹرنیٹ کی سہولت فراہم کرنے والے شمسی طیارے دنیا کے 10 فی صد لوگوں کو انٹرنیٹ کی سہولت فراہم کریں گے۔ یہ طیارے ان علاقوں میں چھوڑے جائیں گے جہاں کے لوگوں کو انٹرنیٹ تک رسائی نہیں یا وہ انٹرنیٹ کی سہولیات سے استفادہ کی مالی صلاحیت نہیں رکھتے ہیں۔ ان کا ہدف دنیا کے غریب اور پسماندہ علاقوں تک انٹرنیٹ کی سہولت بہم پہنچانا ہے۔
’فیس بک‘ نے شمسی توانائی پر چلنے والے اس طیارے کی تیاری کے لیے ’’کویلا‘‘ نامی پروگرام شروع کیا ہے۔ یہ طیارہ فضاء میں 60 ہزار فٹ کی بلندی تک کئی ماہ تک رہنے کی صلاحیت کا حامل ہو گا۔ اس طیارے سے لیزر کے ذریعے انٹرنیٹ کی سہولیات مہیا کی جائیں گی۔ اس طیارے کے ذریعے انٹرنیٹ کی سہولیات کے حصول کے لیے ’’راؤٹرز‘ نامی آلہ استعمال کرنا پڑے گا۔ انٹرنیٹ کی سہولیات سے آراستہ طیارہ بلا تعطل مسلسل تین ماہ تک اپنی سروسز فراہم کرے گا۔