ترکی میں منتخب حکومت کے خلاف فوج کے ایک گروپ کی جانب سے شب خون مارنے کی سازش ناکام بنائے جانے پر فلسطینی رہ نماؤں کی جانب سے مسرت اور اطمینان کا اظہار کیا ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق فلسطینی پارلیمنٹ کے ڈپٹی اسپیکر ڈاکٹر احمد بحر نے اپنے ایک بیان میں ترک حکومت کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ترکی میں منتخب حکومت کے خلاف فوجی بغاوت کی ناکامی فلسطین،جمہوریت اور دنیا بھر میں بنیادی انسانی حقوق پر یقین رکھنے والوں کی فتح ہے۔
انہوں نے ترک صدر رجب طیب ایردوآن، سیاسی جماعتوں اور ترک عوام کو منتخب حکومت کے خلاف فوجی بغاوت کی سازش ناکام بنائے جانے پر مبارک باد پیش کی اور کہا کہ ترکی میں حکومت کا تختہ الٹنے کی سازش جمہوریت کے خلاف ساش تھی جسے ناکام بنا کر ترک قوم نے یہ ثابت کیا ہے کہ وہ فوجی حکومت اور مارشل لا کو کسی قیمت پرقبول نہیں کریں گے۔ انہوں نے ترک حکومت اور قوم کی جانب سے فلسطینیوں کے حقوق کے لیے قائدانہ کردار ادا کرنے پران کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔
خیال رہے کہ گذشتہ جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی شب ترک فوج کے ایک باغی گروپ نے منتخب حکومت کا تختہ الٹنے کی ناکام کوشش کی تھی جسے فوج اور پوری قوم نے مل کر بری طرح کچل دیا۔