برطانیہ میں حال ہی میں ہونے والے ریفرنڈم کے نتیجے میں برطانیہ یورپی یونین سے الگ ہو گیا تو ڈیوڈ کیمرون کو وزرات عظمیٰ کا عہدہ چھوڑنا پڑا ہے۔ ڈیوڈ کیمرون ’10 ڈاؤننگ اسٹریٹ‘ چھوڑ گئے مگر ان کے دور میں بھرتی ہونے والی سرکاری بلی بدستور اپنے عہدے پر خدمات انجام دیتی رہے گی۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق برطانوی وزیراعظم ہاؤس کی سرکاری بلی ’’لاری‘‘ کو سنہ 2011ء میں وزیراعظم ہاؤس میں چوہوں کے شکار کے لیے بھرتی کیا گیا تھا۔ کچھ لوگوں کا خیال تھا کہ یہ بلی سبکدوش وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون اور ان کے خاندان کی ہے مگر ایسا ہرگز نہیں ہے۔’’لاری‘‘ برطانیہ کی سرکاری ملازم ہے، جو ڈیوڈ کیمرون کی رخصتی کے بعد بھی اپنا کام [چوہوں کا شکار] جاری رکھے گی۔
تاج برطانیہ نے لاری کی خدمات اس وقت حاصل کی تھیں جب سنہ 2011ء میں برطانوی پارلیمنٹ اور وزیراعظم ہاؤس میں چوہوں نے یلغار کر دی تھی۔
برطانوی حکومت کے ترجمان کا کہنا ہے کہ لاری اب بھی وزیراعظم ہاؤس کی سرکاری بلی ہے اور اس کا کیمرون خاندان کے ساتھ کوئی تعلق نہیں ہے۔
لاری کو لندن میں کتوں اور بلیوں کے پیٹریسا سینٹر سے خریدا گیا تھا۔ اسے چوہوں کے شکار کا ماہر خیال کیا جاتا ہے۔ لاری کے آنے کے بعد ٹن ڈاؤننگ اسٹریٹ کے چوہوں پر قیامت ٹوٹ پڑی تھی اب برطانوی حکومت کو چوہوں سے لاحق خطرات کافی کم ہو گئے ہیں۔ برطانوی کابینہ کے تمام ارکان اور ارکان پارلیمنٹ سمیت تمام چھوٹے بڑے افسران لاری کا حد درجہ احترام کرتے ہیں۔