اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ نے ایرانی پاسداران انقلاب کے ایک سینیر عہدیدار کی جانب سے اسرائیل کے ساتھ خفیہ مذاکرات کا الزام یکسر مسترد کر دیا ہے۔ حماس کا کہنا ہے کہ اسرائیل کے حوالے سے جماعت کی پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے۔ ایرانی عہدیدار کابیان سراسر باطل اور جھوٹ کا پلندہ ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق حماس کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ایرانی پاسداران انقلاب کے مشیر بریگیڈیئر خسرو عروج کا یہ الزام کہ حماس نے ترکی کے ذریعے اسرائیل کے ساتھ خفیہ بات چیت شروع کی ہے غلط اوربے بنیاد الزام ہے۔
بیان میں بریگیڈیئر عروج کے بیان کو بے بنیاد اور جھوٹ کا پلندہ قرار دے کر مسترد کر دیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ ایرانی عہدیدار خسرو عروج نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ حماس نے ترکی اور کے ساتھ مل کر اسرائیل کے ساتھ خفیہ ڈیل اور درپردہ مذکرات شروع کئے ہیں۔ حماس نے ایرانی عہدیدار کے بیان کو بے بنیاد قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ حماس پورے فلسطین کو صہیونی بچوں سے آزاد کرانے کے لیے مسلح مزاحمت جاری رکھے گی۔