نابلس کے شمال میں واقع قصبے عصیرہ الشمالیہ میں فلسطینی اسیر بلال کاید سے اظہار یکجہتی کے لئے ان کے گھر کے باہر منعقد ہونے والے دھرنے میں درجنوں فلسطینی شہریوں نے شرکت کی۔
اسیران کے حقوق کے لئے سرگرم سماجی کارکن دالیا نصار کا کہنا تھا کہ اس ایونٹ کا اہتمام اسیر بلال سے اظہار یکجہتی کے لئے کیا گیا ہے جو کہ مسلسل 23 روز سے اپنے حقوق کے لئے بھوک ہڑتال کررہے ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اپنے حقوق کی جنگ میں مصروف اسیر کاید کے ساتھ عام فلسطینیوں کی محبت کے اظہار کے لئے ایسے پروگرامات میں مزید اضافہ کیا جائے گا۔
اسیر کاید کے وکیل نے ان کے خاندان اور دوستوں کو ایک خط پہنچایا ہے جس میں درج کیا گیا ہے کہ اپنی مسلسل بگڑتی ہوئی صحت اور 25 کلو وزن کو کھونے کے باوجود وہ اپنی بھوک ہڑتال کو جاری رکھیں گے۔
کاید ان 750 فلسطینی اسیران میں شامل ہیں جنہیں بغیر کسی مقدمے یا الزام کے اسرائیلی حراست میں رکھا گیا تھا۔ کاید کو ان کی ساڑھے چودہ سال قید کی سزا مکمل کرنے کے بعد انتظامی حراست میں رکھنے کا حکم جاری کیا گیا تھا۔