اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نتین یاھو کل اتوار سے افریقی ملکوں کے طویل دورے پر روانہ ہوئے ہیں۔ اس دورے میں وزیراعظم کے قافلے میں چار طیارے اور فول پروف سیکیورٹی شامل ہے جب کہ اس دورے پر 28 ملین شیکل کے اخراجات ک تخمینہ لگایا گیا ہے۔
اسرائیل کے عبرانی اخبار’یدیعوت احرونوت‘ نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ افریقی ملکوں کے دورے میں خاتون اول سارہ نیتن یاھو بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہیں۔ اس کے علاوہ ان کی کابینہ کے کئی اہم وزراء اور دیگر اعلیٰ حکام وزیراعظم کے قافلے میں شامل ہیں جنہیں چار ہوائی جہازوں کے ذریعے افریقا لے جایا گیا ہے۔
اخباری رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ نیتن یاھو کے خاندان کے افراد کے لیے ایک طیارہ الگ سے کرائے پر حاصل کیا گیا ہے تاہم اس کےاخراجات سرکاری خزانے سے ادا کیے جائیں گے۔ اسرائیلی فضائیہ کا ایک طیارہ پرانے عنتیبا ہوائی اڈے سے 140 افراد کو لے کر وزیراعظم کے قافلے میں شامل ہوا ہے۔ اس طیارے میں سوار افراد عوامی محاذ برائے آزادی فلسطین کے مزاحمت کاروں کے ہاتھوں یرغمال بنائے گئے یہودیوں کی بازیابی کے 40 سال پورے ہونے پر ایک تقریب میں بھی شریک کیا جائے گا۔
دو چھوٹے طیاروں ’ہرکولیس‘ میں نیتن یاھو اور ان کے ہمراہ دورے پرآنے والوں کے لیے طبی سامان، ایمبولینس، بلٹ پروف گاڑیاں اور ایک موبائل اسپتال جسے نیتن یاھو واپسی سے قبل افریقا ہی میں کسی ادارے کو عطیہ کر دیں گے لادے گئے ہیں۔
اپنے اس دورے کے دوران نیتن یاھو یوگنڈا، روانڈا، کینیا، ایتھوپیا اور دوسرے افریقی ملکوں میں جائیں گے۔ ذرائع کے مطابق نیتن یاھو نے اس بار اپنے ساتھ فول پروف سیکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کرائے ہیں۔